- بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکے میں 25 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
ریلوے حکام کے مطابق خودکش حملہ آور نے پلیٹ فارم پر ٹرین کے انتظار میں کھڑے مسافروں کے درمیان خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس نے 9 بجے پشاور کے لیے روانہ ہونا تھا، ٹرین ابھی تک پلیٹ فارم پر نہیں لگی تھی کہ دھماکا ہو گیا۔
کمشنر کوئٹہ نے بتایا کہ خودکش بمبار مسافروں کے روپ میں سامان کے ساتھ ریلوے اسٹیشن میں داخل ہوا، ایسے کسی شخص کو روکنا مشکل ہوتا ہےجو خودکش حملے کے لیے آئے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض نے دھماکے میں خاتون سمیت 25 مسافروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک خاتون اور 24 مردوں کی لاشیں سول ہسپتال لائی گئی ہیں۔
سول اسپتال انتظامیہ کے مطابق اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے فوری طور پر ڈاکٹرز اور اضافی عملے طلب کر لیا گیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کوئٹہ خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے بلوچستان حکومت سے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلی ہے۔