حکومت پاکستان نے توقعات کے برعکس پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں کمی کی گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں گزشتہ 15 دنوں کے دوران پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں تقریباً 1.5 ڈالر اور 2.5 ڈالر فی بیرل کم ہوئی ہیں جس کی وجہ سے پاکستان میں بھی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 35 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 85 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی فی لیٹر قیمت 248 روپے 38 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی فی لیٹر قیمت 255 روپے 14 پیسے ہوگئی ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 48 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 61 پیسے کی کمی کی گئی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں یکم نومبر رات بجے سے آئندہ 15 دن تک لاگو ہوں گی۔