ہفتہ, دسمبر 14, 2024
ہوماہم خبریںپاکستان معاشی تجاویز پر عمل کرے تو یہ آخری پروگرام ہو سکتا...

پاکستان معاشی تجاویز پر عمل کرے تو یہ آخری پروگرام ہو سکتا ہے: آئی ایم ایف مشن چیف

پاکستان میں آئی ایم ایف مشن کے چیف ناتھن پورٹر نے کہا ہے کہ پاکستان ایمانداری سے معاشی تجاویز پر عمل کرے تو یہ اس کا آخری پروگرام ہو سکتا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ناتھن پورٹر نے کہا کہ 2023 کے وسط میں پاکستان کی معیشت نے جو اتار چڑھاؤ اور بے یقینی دیکھی تھی اس کے بعد ملک میں معاشی استحکام آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے معیشت کو آگے بڑھانے کے لیے ایک اچھی بنیاد مل سکتی ہے اور اگر پاکستان ایمانداری سے معاشی تجاویز پر عمل کرے تو یہ اس کا آخری پروگرام ہو سکتا ہے۔

قرض کی سخت شرائط کے سوال پر آئی ایم ایف مشن چیف کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کو درپیش مخصوص مسائل کو مدنظر رکھ کر حل بتائے جاتے ہیں، پاکستان کا موجودہ پروگرام بھی مختلف نہیں اور نہ ہی یہ زیادہ سخت ہے۔

ناتھن پورٹر نے اسپیشل اکنامک زونز کو خصوصی رعایتیں دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کاروباری اداروں کے لیے مراعات کو معاشی اہداف کے حصول میں مدد گار تصور نہیں کرتا۔

ڈان اخبار میں 28 ستمبر کو شائع اپنے ایک مضمون میں ناتھن پورٹر نے پاکستان میں معاشی استحکام کی خوش آئند واپسی کو سراہتے ہوئے لکھا تھا کہ ترقی دوبارہ شروع ہو گئی ہے، مہنگائی میں ڈرامائی کمی آئی ہے، زر مبادلہ کی شرح مستحکم ہو رہی ہے اور غیر ملکی ذخائر دوگنے سے زیادہ ہو گئے ہیں۔

وہ لکھتے ہیں کہ ماضی کے آئی ایم ایف پروگراموں کے برعکس یہ پروگرام مختلف ہے کیونکہ اس کے شروع کرنے سے قبل میکرو اکنامک استحکام کو یقینی بنایا گیا ہے۔ تاہم، پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے ایسے اہم پالیسی فیصلوں کی ضرورت ہوگی جو ماضی میں ناکام رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -

مقبول ترین