ہفتہ, دسمبر 14, 2024
ہومٹاپ اسٹوریپوری تیاری کر رکھی ہے پھر کوئی شکوہ نہ کرے، وزیرداخلہ کا...

پوری تیاری کر رکھی ہے پھر کوئی شکوہ نہ کرے، وزیرداخلہ کا پی ٹی آئی کو انتباہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کل دارالحکومت اسلام آباد میں احتجاج کی صورت میں تحریک انصاف کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی نے مظاہرہ کیا تو نرمی نہیں برتی جائے گی۔

وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملائیشیا کے وزیراعظم کل تک پاکستان میں ہیں، غیر ملکی سربراہ کی موجودگی میں اسلام آباد میں احتجاج مناسب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا اعلی سطح کا وفد پاکستان آنے والا ہے اور پھر چینی صدر پاکستان آ رہے ہیں، اس کے بعد شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس ہونی ہے، 17 اکتوبر کو چینی صدر کی واپسی ہے، اس وقت ان کے سیکیورٹی انتظامات ضروری ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی کسی کو اجازت نہیں، جو ایسا کرے گا ان کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی، کل بہت اہم دن ہے ، کسی پاکستانی کو ایسی حرکت نہیں کرنی چاہیے، وزیراعلی کے پی کے سمجھدار اور اچھے پاکستانی ہیں، انھیں اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے، بطور وزیر اعلیٰ ایسے دن پر اجتجاج زیب نہیں دیتا۔

انہوں نے 4 اکتوبر کو پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی کال پر کہا کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے، تحریک انصاف سیاست ضرور کرے لیکن ایسے وقت پر نہیں جب کوئی غیرملکی سربراہ حکومت پاکستان میں موجود ہو، ایسے وقت میں اسلام آباد پر دھاوا بولنے کا مطلب سب کو معلوم ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن ملک کی بدنامی کی قیمت پر سیاست مت کریں، ملائیشین وزیراعظم کے دورے کے دوران چھوٹا سا واقعہ ہو گیا تو خمیازہ ساری زندگی بھگتیں گے، سابق بھارتی وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی جب پاکستان آئے ہوئے تھے تو لاہور میں چھوٹا سا واقعہ ہوا تھا وہ ابھی تک اس کے طعنے دیتے ہیں۔

محسن نقوی نے سخت کارروائی کی وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ چین، ملائیشیا کے سربراہان اور ایس سی او اجلاس کے ایام میں اجتجاج کی کال سمجھ سے بالاتر ہے، اس کے علاوہ بھی ایام ہیں وہ اجتجاج کرسکتے ہیں، ہم نے 5 اکتوبر سے پاک فوج، پیرا ملٹری فورسز کو تعینات کرنا ہے، سکیورٹی کو فول پروف بنانا ہے، پولیس نے اپنی پوری تیاری کر رکھی ہے پھر کسی کو شکوہ نہیں ہونا چاہیے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ جب اس طرح کی منصوبہ بندی ہو تو وہ اجتجاج نہیں ہے، اس مرتبہ پولیس پسپا نہیں ہوگی، اسلام آباد پولیس کے کمانڈر بہت بہادر ہیں۔ کسی ملک کے وزیراعظم کی موجودگی میں ہم ایسی کوئی چیز برداشت نہیں کرسکتے، ہم ان کو روکنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے بھی بات کی ہے کہ پی ٹی آئی والے کل کے دن میں اجتجاج کو موخر کریں ، پاکستان میں کتنے سالوں کے بعد مملکت کے سربراہان آرہے ہیں ہم سب کو سمجھداری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، عوام بھی پہلے پاکستان کے مفاد اور پھر پارٹی کا مفاد دیکھیں، ایس سی او کانفرنس خیر خیریت سے ہوگی اس کو یقینی بنائیں گے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے 4 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں مظاہرے کا اعلان کر رکھا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -

مقبول ترین