اسرائیلی فوج کی جانب سے حزب اللہ کے ٹھکانوں پر شدید بمباری اور تنظیم کی اعلیٰ قیادت کے قتل کے بعد لبنان پر زمینی حملہ جبکہ پڑوسی ملک شام پر بھی فضائی حملے شروع کر دیے ہیں۔
شام کےفوجی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیل نے ملک کے جنوبی علاقے میں 3 طیارہ شکن ریڈار اسٹیشنوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں بھڑکنے والی آگ نے کئی گاڑیوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔/
رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے جنوبی شام میں کم از کم 3 طیارہ شکن ریڈار اسٹیشنوں کو نشانہ بنایا جن میں فوجی ہوائی اڈے پر نصب ریڈار بھی شامل تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی کے حملوں میں شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی خاتون صحافی سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ 19 شہری زخمی بھی ہوئے۔
قبل ازیں اسرائیلی فوج ٹینکوں اور توپ خانے کے ساتھ لبنان میں داخل ہو گئی تھی جس کے بعد لبنانی فوج نے سرحد پر چیک پوسٹوں کو خالی کر دیا۔
برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق لبنانی فوج جنوبی لبنان میں اسرائیلی سرحد پر واقع کئی مورچے چھوڑ چکی ہے۔
امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان میتھیو ملر نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا اسرائیل نے ہمیں بتایا ہے کہ وہ لبنان کی سرحد کے قریب کارروائیوں میں حزب اللہ کے انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنا رہا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق جنوبی لبنان پر اسرائیلی ٹینکوں اور توپ خانے کے حملے کی اطلاعات ہیں۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان کے دیہاتوں میں محدود پیمانے پر ٹارگٹڈ کارروائیاں کرے گی۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنانی سرحد کے قریب بستیوں کو فوجی چھاؤنیاں قرار دے دیا ہے۔