پیر, جون 23, 2025
ہومٹاپ اسٹوریحزب اللہ نے اسرائیلی حملے میں حسن نصراللہ کی شہادت کی تصدیق...

حزب اللہ نے اسرائیلی حملے میں حسن نصراللہ کی شہادت کی تصدیق کر دی

ایرانی حمایت یافتہ لبنانی مسلح تنظیم حزب اللہ نے اسرائیلی بمباری میں اپنے سربراہ حسن نصراللہ کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے۔

لبنان کے دارالحکومت بیروت میں گزشتہ شب مسلسل پانچ گھنٹے جاری رہنے والے حملوں میں اسرائیل نے حزب اللہ سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت کا دعویٰ کیا تھا۔

اسرائیلی حملوں میں بچوں اور خواتین سمیت درجنوں افراد شہید ہو گئے، رات بھر امدادی کارکن تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے زخمی اور لاشیں نکالتے رہے۔

ٹیلی گرام پر حزب اللہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اسرائیل کے خلاف اپنی لڑائی جاری رکھیں گے۔

ایرانی حکام کے مطابق پاسدران انقلاب کی قدس فورس کے سینیئر کمانڈر عباس نیلفروشن گذشتہ روز بیروت میں ہونے والے اسرائیلی حملے میں شہید ہو گئے ہیں۔

 ایران کی وزات داخلہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ یہ حملہ ’جنگی جرم‘ تھا جس کے لیے اسرائیل اور امریکہ، دونوں کا احتساب ہونا ضروری ہے۔

عراق کے وزیر اعظم ہاؤس نے حسن نصر اللہ کی شہادت پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے تمام حدیں پار کر دی ہیں۔

یمن کے حوثی باغیوں نے بھی حسن نصر اللہ کی موت پر سوگ کا اعلان کرتے ہو ئےکہا ہے کہ حزب اللہ کے لیے ان کی حمایت مزید بڑھے گی۔

اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ہزاروں لبنانی بے سر و سامانی کی عالم میں گھروں سے نکل کر فٹ پاتھوں  اور کھلے مقامات میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے۔

رپورٹس کے مطابق حملوں میں حزب اللہ کے کئی سینئر کمانڈر بھی شہید ہوگئے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق شہریوں کو انخلا کی وارننگ کے بعد اس نے جنوبی بیروت میں حزب اللہ کے گڑھ دحیہ میں تنظیم کے ہیڈکوارٹر ، ہتھیاروں کی تیاری کی تنصیبات اور اسلحے کے گوداموں کو بھی نشانہ بنایا

اسرائیلی فوج کے ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کیے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ حسن نصراللہ اب دنیا کو دہشت زدہ نہیں کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں شدت آنے کے بعد سے اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری میں اب تک بچوں سمیت 700 سے زائد لبنانی شہید ہو چکے ہیں۔

حسن نصر اللہ گزشتہ تین دہائیوں سے ایران کی حمایت یافتہ مسلح تنظیم  حزب اللہ کی قیادت کر رہے تھے۔

حزب اللہ کو لبنانی فوج سے زیادہ مضبوط بنانے اور جدید ترین ہتھیاروں سے مسلح کرنے میں حسن نصر اللہ کا مرکزی کردار رہا۔

الجزیرہ نے حسن نصر اللہ کی شہادت کو خطے میں ایران کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا۔

اس سے قبل مواصلاتی نظام میں مداخلت اور تنظیم کے اہم جنگجوؤں کے پاس موجود واکی ٹاکی اور پیجر ڈیوائسز میں دھماکوں کے نتیجے میں حزب اللہ حزب اللہ کے درجنوں جنگجو جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہو گئے تھے۔

دنیا کو حیران کر دینے والے ان حملوں کے بعد اسرائیل نے حزب اللہ کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا اور اب تک حزب اللہ اس جنگ میں اپنے کئی اہم کمانڈر گنوا چکی ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -

مقبول ترین