سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مذہبی جماعتوں کے کارکنان رکاوٹیں توڑتے ہوئے ریڈ زون میں داخل ہوگئے جس پر پولیس کی مزید نفری ریڈ زون طلب کرلی گئی۔
مذہبی جماعتوں کے کارکنان سپریم کورٹ کی جانب سے مبارک ثانی کیس کے فیصلے میں قادیانیوں کی تبلیغ سے متعلق نکات پر احتجاج کر رہے ہیں۔
تحفظ ختم نبوت مارچ کے شرکا کو ریڈ زون گیٹ پر روکا گیا تاہم مشتعل مظاہرین نعرے لگاتے ہوئے زبردستی گیٹ کھلوا کر ریڈ زون میں داخل ہوگئے۔
سپریم کورٹ کی جانب بڑھتے مظاہرین کو روکنے کیلئے ڈی چوک پر پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی، مظاہرین نے ڈی چوک میں لگے متعدد ٹرایفک سگنل توڑ دیے، مظاہرین کی پیش قدمی کی اطلاع ملنے کے بعد ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سپریم کورٹ کے سامنے پہنچ گئے۔
قیادت کے جانب سے ایکسپریس چوک پہنچنے کی ہدایات پر مظاہرین پارلیمنٹ ہاؤس اور سپریم کورٹ کے سامنے احتجاج اور توڑ پھوڑ کے بعد واپس روانہ ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کے مطابق مظاہرین نے پیشگی احتجاج کی اجازت نہیں لی تھی۔