پاک فوج نے افغانستان کی سرحد سے دراندازی کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے 54 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس رپورٹس تھیں کہ یہ خوارج اپنے ’غیر ملکی آقاؤں‘ کے ایما پر پاکستان میں بڑے پیمانے پر دہشتگرد کارروائیاں کرنے کے لیے دراندازی کر رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 25 اور 26 اپریل کی درمیانی رات اور پھر 26 اور 27 اپریل کی رات کو شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں سکیورٹی فورسز نے خوارج کے اس بڑے گروہ کی نقل و حرکت کو بروقت نوٹ کیا جو پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خوارج کی دراندازی کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا، آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایسے وقت میں جب بھارت پاکستان پر بےبنیاد الزامات لگا رہا ہے، خوارج کی یہ سرگرمیاں واضح کرتی ہیں کہ وہ کس کے اشارے پر کام کر رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ یہ دہشت گردی کے خلاف جاری مہم میں کسی ایک کارروائی میں مارے جانے والے خوارج کی سب سے بڑی تعداد ہے۔