جمعہ, اپریل 4, 2025
ہومپاکستانپشاور دھماکے میں مفتی منیر شاکر جاں بحق

پشاور دھماکے میں مفتی منیر شاکر جاں بحق

پشاور میں مسجد کے باہر ہونے والے دھماکے میں زخمی ہونے والے معروف عالم دین مفتی منیر شاکر جاں بحق ہوگئے جب فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 9 خوارج ہلاک ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق پشاور کے علاقے ارمڑ میں افطار سے قبل مسجد کے باہر آئی ای ڈی دھماکا ہوا جس میں مفتی منیر شاکر سمیت 4 افراد زخمی ہوئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مفتی منیر شاکر دھماکے کا ہدف تھے۔

اب تک کسی تنظیم کی جانب سے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ یہ ایک ماہ کے دوران دوسرا بڑا حملہ ہے جس میں مذہبی شخصیت کو ٹارگٹ کیا گیا، اس سے قبل اکوڑہ خٹک مدرسے کے نائب مہتمم اور مولانا سمیع الحق صاحبزادے مولانا حامد الحق کو مسجد میں نماز جمعہ کے بعد دھماکے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال نے مفتی منیر شاکر کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

پولیس کے مطابق دھماکے سے مسجد کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے۔ دھماکے کے تین زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں، بم ڈسپوزل اسکواد جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر رہا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پشاور میں مسجد کے باہر دھماکےکی مذمت کرتے ہوئے پولیس حکام سے واقعےکی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔

جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے مفتی منیر شاکر کے قت کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں روزانہ مساجد میں دھماکے اور علماء کی ٹارگٹ حکومت کہاں ہے؟۔

انہوں نے کہا کہ علماء کا پے درپے قتل افسوسناک اور مذہبی طبقے کے خلاف گہری سازش ہے، مفتی منیر شاکر سمیت دیگر علماء کے قاتلوں کی گرفتاری پرکوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔

مشیر اطلاعات پختونخوا بیرسٹر سیف نے بم دھماکے میں مفتی منیرشاکرکی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علماء کرام پر حملے انتہائی تشویشناک ہیں، معصوم جانوں کے قاتل انسانیت کے دشمن ہیں۔

دوسری جانب صوبے میں دہشتگردوں کے خلاف فورسز کی کارروائیاں بھی جاری ہیں، آج بھی 2 مختلف کارروائیوں میں 9 خوارج کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے خفیہ اطلاعات پر مہمند میں آپریشن کرتے ہوئے خوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 7خوارج مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران پاکستان آرمی کے دو جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، شہید ہونے والوں میں حوالدار محمد زاہد اور سپاہی آفتاب علی شاہ شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے مڈی میں کارروائی کی جہاں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 خوارج ہلاک ہوگئے۔

متعلقہ خبریں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -

مقبول ترین