ترکیہ رجب طیب اردوان ایک روزہ دورہ پاکستان کے دوران 24 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی وزرا کے ہمراہ راولپنڈی کے نورخان ایئربیس پر مہمانوں کو رخصت کیا۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور صدر رجب طیب اردوان نے پاک ترک اعلیٰ سطح کے اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت بھی کی۔
ترک صدر نے وزیراعظم شہباز شریف سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت 5 ارب ڈالر تک لے جائیں، اس
کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ برادرانہ تعلقات سے دونوں ملک فائدہ اٹھاسکیں۔
ترک صدر نےپاکستان ترک بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کیا جس میں دونوں اطراف کے سرکردہ سرمایہ کار، کمپنیوں اور کاروباری افراد شریک ہوئے۔
دورے کے دوران ترک صدر طیب اردوان نے صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کو ترک ساختہ الیکٹرک کار کا تحفہ بھی دیا، ٹوگ نامی ترک گاڑی کی قیمت 50 ہزار ڈالر کے قریب بتائی جا رہی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ترک الیکٹرک کار خود ڈرائیو کی ، اس دوران مہمان صدر اُن کے برابر والی نشست پر بیٹھے۔
صدر زرداری کو دی گئی گاڑی ان کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے ڈرائیو کی جب کہ صدر اردوان ان کے ساتھ فرنٹ سیٹ پر بیٹھے اور صدر زرداری پیچھلی نشست پر موجود تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے جہاں صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم نے نورخان ایئربیس پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
پاک-فضائیہ کے جے ایف 17طیارے ترکیہ کے صدر کے جہاز کو حصار میں اسلام آباد لائے۔