پیر, جون 23, 2025
ہومٹاپ اسٹوری19 فروری کو پہلا میچ، آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی شیڈول...

19 فروری کو پہلا میچ، آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی شیڈول کا اعلان کر دیا

پاکستان اور بھارت کے درمیان معاہدے کے نتیجے میں ختم ہونے والے طویل تنازع کے بعد بلآخر آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت ایونٹ کا آغاز 19 فروری سے ہوگا۔

آئی سی سی شیڈول کے مطابق چمپئینز ٹرافی 2025 کے میچز پاکستان میں ہوں گے تاہم بھارت کے میچز متحدہ عرب امارات میں منعقد کیے جائیں گے.

آئی سی سی کے شیڈول کے مطابق افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ فائنل 9 مارچ کو لاہور میں ہوگا ۔

آئی سی سی کی جانب سے بھارت کے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں میچ عرب امارات میں ہوگا جبکہ فائنل کیلئے ریزور ڈے 10 مارچ رکھا گیا ہے۔

ایونٹ کا سب سے اہم میچ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان 23 فروری کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھارت اس بات پر مصر تھا کہ وہ کسی صورت میچز کیلئے پاکستان نہیں آئے گا تاہم پاکستان کو کسی بھی ایونٹ کے میچز بھارت میں کھیلنے پڑیں گے، اس پر پاکستان نے سخت ردعمل دیتے ہوئے ایونٹس کی میزبانی چھوڑنے کا اشارہ بھی دیا تھا،

دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کے نتیجے میں صرف چیمئنز ٹرافی 2025 نہیں بالکہ 2027 تک کے تمام آئی سی سی ایونٹس کے پاک بھارت میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے جائیں گے۔

معاہدے کے تحت 2028 کے ویمنز ٹی20 ورلڈکپ کی میزبانی بھی پاکستان کو مل گئی ہے اور یہ ٹورنامنٹ بھی ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہی کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی شیڈول کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ 27فروری کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، اس کے علاوہ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان مقابلہ 20 فروری کو یو اے ای میں شیڈول ہے۔

آئی سی سی نے بتایا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی 21 فروری کو افغانستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والے میچ کی میزبانی کرے گا، چمپئینز ٹرافی کے بڑے مقابلے میں 22 فروری کو انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں لاہور میں ٹکرائیں گی جبکہ بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیمیں 24 فروری کو راولپنڈی میں مد مقابل ہوں گی۔

اس میں بتایا گیا کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ 25 فروری کو راولپنڈی میں ہوگا، افغانستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے مقابلے کا انعقاد 26 فروری کو لاہور ہوگا، 28 فروری کو آسٹریلیا اور افغانستان لاہور جبکہ یکم مارچ کو انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کراچی میں مد مقابل ہوں گے۔

آئی سی سی کے شیڈول کے مطابق بھارت کا نیوزی لینڈ سے مقابلہ 2 مارچ کو یو اے ای میں ہوگا، پہلا سیمی فائنل 4 مارچ کو یو اے ای اور دوسرا سیمی فائنل 5 مارچ کو لاہو میں ہوگا۔

انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے کہا کہ 5 مارچ پہلے سیمی فائنل اور 6 مارچ دوسرے سیمی فائنل کے لیے بطور ریزرو ڈیز مختص کیا گیا ہے۔

شیڈول میں کہا گیا کہ بھارت کے 3 لیگ میچز ، ایک سیمی فائنل اور فائنل یو اے ای میں کھیلا جائے گا، چمپیینز ٹرافی کا فائنل 9 مارچ کو لاہور یا یو اے ای میں کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی کے مطابق بھارت کے فائنل میں نہ پہنچنے کی صورت میں فائنل 9 مارچ کو لاہور میں ہو گا، 10 مارچ فائنل کے لیے ریزرو دن کے طور پر مختص کیا گیا ہے۔

شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی آئی سی سی نے ٹکٹس کیلئے رجسٹریشن کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔

آئی سی سی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کے میچز دیکھنے میں دلچسپی رکھنے والے شائقین آج سے ٹکٹ کے لیے خود کو رجسٹر کروا سکتے ہیں جبکہ ٹکٹوں کی فروخت کا عمل بھی جلد شروع ہوگا،

شائقین آئی سی سی کی ویب سائٹ پر ٹکٹس کیلئے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں جس کے بعد ٹکٹس کا اجرا پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر ہوگا۔

متعلقہ خبریں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -

مقبول ترین