جمعہ, اپریل 4, 2025
ہومٹاپ اسٹوریعرب لیگ کا اسرائیلی فوج سے شام سے نکلنے کا مطالبہ، نئی...

عرب لیگ کا اسرائیلی فوج سے شام سے نکلنے کا مطالبہ، نئی حکومت کے ساتھ تعاون کا اعلان

شام میں انقلاب اور اسد حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد بیشتر عرب ممالک نے نئی حکومت کے ساتھ تعاون کا اعلان کر دیا ہے۔

اردن کے ساحلی شہر پورٹ عقبہ میں شام کی صورتحال سے متعلق عرب لیگ کے 8 ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا جس میں اردن، سعودی عرب، عراق، لبنان، مصر، متحدہ عرب امارات، بحرین اور قطر کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔

عرب ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل کی جانب سے شام کی سرحد پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے شامی حدود سے اسرائیلی فورسز کے فوری انخلا کا مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ بشارالاسد حکومت کے خلاف باغیوں کی فتح کے بعد اسرائیل نے 500 سے زائد حملے کر کے شام کے 80 فیصد سے زائد اثاثوں کو تباہ کر دیا تھا، اسرائیل فضائیہ نے اندھا دھند بمباری کر کے شامی آبدوز ، بحری جہاز، طیاروں اور ۔ہیلی کاپٹروں سمیت اسلحے اور میزائلوں کے گودام تباہ کر دیے تھے۔

اسرائیلی فوج گولان کی پہاڑیوں سے آگے بڑھتے ہوئے شام کیی سرزمین میں داخل ہوگئی تھی جہاں وہ اب تک موجود ہے۔

اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ شام میں سیاسی عمل کو اقوام متحدہ اور عرب لیگ کی جانب سے سلامتی کونسل کی قرارداد کے تحت تعاون کرنا چاہئے، 2015 میں منظور ہونے والی قرارداد میں مذاکرات کے تحت تصفیہ کے لئے ایک راستہ تشکیل دیا گیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق عرب ممالک نے شام میں کسی قسم کے نسلی، فرقہ وارانہ یا مذہبی تفریق سے خبردار کرتے ہوئے تمام شہریوں کے لیے یکساں انصاف کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں شرکا نے تمام سیاسی اور سماجی فورسز پر مشتمل نئی شامی حکومت کے قیام پر زور دیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ ریاستی ادارے شام کو افراتفری کا شکار ہونے سے بچائیں اور دہشت گردی کو ختم کرنے کے لئے مشترکہ کوششیں کریں کیونکہ اس سے شام، خطے اور دنیا کی سکیورٹی کو خطرات لاحق ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -

مقبول ترین