پیر, نومبر 4, 2024
ہوماہم خبریںوکلا صفائی کو انتباہ، آئندہ سماعت پر جرح مکمل نہ کی تو...

وکلا صفائی کو انتباہ، آئندہ سماعت پر جرح مکمل نہ کی تو حق ختم کر دیں گے۔ عدالت

راولپنڈی کی احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں وکلا صفائی کو جرح کا آخری موقع دیتے ہوئے جرح مکمل نہ کرنے کی صورت میں حق ختم کرنے کا انتباہ جاری کر دیا۔

دارالحکومت کے جڑواں شہر راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔

دوران سماعت عمران خان کو پیش کیا گیا جبکہ بشریٰ بی بی بھی پیشی کیلئے اڈیالہ جیل پہنچیں تاہم ان کے وکیل عثمان گل مصروفیت کے باعث عدالت پیش نہیں ہوئے۔

معاون وکیل فیصل چوہدری نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی جس پر نیب پراسیکیوشن ٹیم کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا پر اعتراض کیا گیا

نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے کہا کہ 36 سماعتیں ہو چکی ہیں، بشریٰ بی بی کے وکیل جرح مکمل نہیں کر رہے، کیس کو غیر ضروری طول دیا جا رہا ہے، 10بجے سماعت کا وقت ہے وکیل صفائی پیش کی نہیں ہوئے، وکیلِ صفائی کا جرح کا حق ختم کیا جائے۔

عدالت نے وکلا صفائی کو بدھ کے روز 10 بجے تک جرح کا آخری موقع دیتے ہوئے خبردار کیا کہ آئندہ سماعت پر جرح نہ کی گئی تو جرح کا حق ختم کر دیں گے۔

بعد ازاں عدالت نے ریفرنس کی سماعت 6 نومبر صبح 10 بجے تک ملتوی کر دی۔

دوسری جانب اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سابق وزیراعظم عمران خان کا طبی معائنہ کرنے والے ڈاکٹروں نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا۔ طبی معائنہ پمز اسپتال کے 3 اور شوکت خانم اسپتال کے ڈاکٹر عاصم یونس نے کیا۔

ڈاکٹروں کی 4 رکنی ٹیم طبی معائنے کے بعد اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئی، ٹیم کی جانب سے عمران خان کو معمول کے مزید ٹیسٹ تجویز کیے، طبی معائنہ رپورٹ تیار کرکے اسلام اباد ہائی کورٹ پیش کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -

مقبول ترین