وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سنگجانی کی مویشی منڈی کے مقام پر تحریک انصاف کا جلسہ جاری ہے جب کہ پولیس اور کارکنان کے درمیان تصادم اور شیلنگ کی اطلاعات ہیں۔
جلسے کے باعث دارالحکومت میں انتظامیہ کی جانب سے موبائل فون، انٹرنیٹ اور میٹرو بس سروس بند ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، راستوں کی بندش کے باعث پی ٹی آئی قیادت جلسے کے مقام پر بروقت نہیں پہنچ سکی جس کی وجہ سے جلسہ تاخیر سے شروع ہوا۔
پی ٹی آئی کی قیادت نے کارکنوں اور عہدیداروں کو ہدایات دے رکھی ہیں کہ مشکوک شخص نظر آئے تو فوری طور پر اسے پکڑا جائے جبکہ یوتھ ونگ کو پولیس کے ساتھ ممکنہ ٹکراؤ کے پیش نظر ماسک، نمک اور شیلنگ سے بچاؤ کے دیگر آلات ساتھ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈا پور بھی جلسے میں شرکت کیلئے سخت سیکیورٹی میں قافلے کے ہمراہ پشاور سے اسلام آباد پہنچے۔
ادھر اسلام آباد پولیس کے مطابق جلسہ گاہ کے قریب موجود مشکوک بیگ سے دستی بم، ڈیٹو نیٹر، تاریں اور بارودی مواد برآمد ہوا جسے بم ڈسپوزل سکواڈ نے قبضے میں لے لیا ہے۔
انتظامیہ نے جلسے کا اجازت نامہ دیتے ہوئے 43 شرائط عائد کی تھیں ان میں سے ایک شرط یہ تھی کہ جلسہ مقررہ وقت پر یعنی 7 بجے ختم کر دیا جائے گا۔
پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ، ایف سی طلب
ادھر اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ روٹ کی خلاف ورزی کر کے آنے والے شرکاء نے چونگی نمبر 26 پر پولیس پر شدید پتھراو کیا ہے جس کے نتیجے میں ایس ایس پی سیف سٹی شعیب خان سمیت متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔
کارکنان کے پتھراؤ کے جواب میں پولیس کی جانب سے مظاہرین پر شیلنگ کی جا رہی ہے۔
پولیس اور کارکنوں کے درمیان تصادم اور صورتحال کشیدہ ہونے کے باعث حکام کی جانب سے ایف سی کو طلب کر لیا گیا
پاکستان اسٹوریزی کے نمائندے کے مطابق ایف سی کے تازہ دم دستے 26 نمبر چونگی کچھ ہی دیر میں پہنچیں گے۔
جلسہ فوری ختم کرنے کا حکم
ادھر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے تحریک انصاف کو جلسہ فوری ختم کرنے اور جلسہ گاہ خالی کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے اجازت نامے کی شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وقت گزرنے کے باوجود جلسہ جاری رکھا۔
احکامات میں کہا گیا ہے کہ منتظمین کو آگاہ کردیا تھا کہ 7 بجے تک جلسہ ختم کرنا ہوگا ورنہ کارروائی کی جائے گی۔
پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ کا نوٹس
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنان کے درمیان جھڑپ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیرداخلہ نے پتھراؤ سے زخمی ایس ایس پی شعیب خان سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے ان کی خیریت دریافت کی۔ محسن نقوی ہدایت کی کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔